ہنگو: موبائل کی دو دکانیں، بنوں میں گرلز سکول بارودی مواد سے اڑا دیا گیا، ایک بم ناکارہ بنا دیا گیا

ہنگو+ بنوں (ایجنسیاں) علاقہ ٹل میں آدھی رات کو نامعلوم افراد نے دو موبائل دکانوں کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ شہر بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال اور مظاہرے جاری ہیں۔ ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹل مین بازار میں نامعلوم افراد نے تین موبائل دکانوں کو بارودی مواد نصب کر کے اڑا دیا۔ علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کیخلاف تاجر برادری کی کال پر شہر بھر میں ہڑتال رہی اور شہر کے تمام کاروباری مراکز اور بازار بند رہے۔ علاوہ ازیں گرلز پرائمری سکول ممباتی بار کزئی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جبکہ سکول کے برآمدے میں نصب دوسرے بم کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے سے سکول کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ امیریان پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔