محسن انسانیت کے کردار کو اپنا کر دنیا کو محبت کدہ بنایا جاسکتا ہے: حسن محی الدین

لاہور (خصوصی نامہ نگار) محسن انسانیتﷺ نے اخلاق و کردار کا جو معیار انسانیت کو دیا ہے اس پر عمل پیرا ہوکر دنیا کو محبت کدہ بنایا جاسکتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن شرق تا غرب کردار مصطفوی کی خوشبو پھیلا کر دعوت دین کا فریضہ دے رہی ہے۔ نبوت اور رسالت کا دروازہ آقائے دو جہاں ﷺ کی آمد سے ہمیشہ کیلئے بند ہوچکا۔ اللہ نے اپنے محبوب کی ذات کو اخلاق و کردار کی وہ بلندی عطا کی جو اس سے قبل کسی کو نصیب نہ ہوئی اور نہ ہی کوئی آئندہ اسکا حقدار ٹھہرے گا۔ مسلمانوں کو آقا ﷺ سے محبت کا حق ادا کرنا ہوگا اسی سے انہیں دین کا حقیقی شعور اور کردار مصطفوی کی جھلک نصیب ہوگی۔ حضورﷺ کے خلق عظیم نے آپکی جان کے دشمنوں کا آپکا جانثار بنادیا تھا۔ آپﷺ کے درس اخلاق نے فارس کے مسلمانوں کو صوفیوں کا سردار بنایا اور وہ آپﷺ کا ہی اخلاق و احسان تھا جس سے فیض پا کر حبشہ کے بلال عشق کا استعارہ بن گئے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے منہاج القرآن بریشیاءکے زیر اہتمام اٹلی میں منعقدہ ”خلق عظیم کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔