پنجاب کے عوام تعلیم اور صحت کی جدید سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں: عمران نذیر

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) لاہورکے جنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ خادم پنجاب میاں شہبازشریف پوش اور سفید پوش طبقات کے درمیان طبقاتی تقسیم اور تفریق پسند نہیں کرتے۔ میاں شہبازشریف کی کوشش کے نتیجہ میں پنجاب کے عوام تعلیم اور صحت کی جدید سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ وہ اپنے حلقہ انتخاب پی پی 137 میں ایک افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی بدترین بدعنوانی کے نتیجہ میں ایٹمی پاکستان کو بجلی بحران، مہنگائی کے طوفان، بدعنوانی اور بدامنی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب میاں شہبازشریف نے کسی زمینی یا آسمانی آفت اور کسی موذی وبا کے دوران اپنے عوام کو تنہا اور بے یارومددگار نہیں چھوڑا۔ وفاق اور پنجاب حکومت کی طرف سے سادگی اور بچت مہم کو معاشرے کے مختلف طبقات نے بیحد سراہا ہے۔