متاثرین سیلاب کیلئے سحر و افطار کے انتظامات کئے جائیں: لیاقت بلوچ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، پنجاب کے صدر راﺅ محمد ظفر، سندھ کے صدر تبسم جعفری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں سے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرین کی بحالی کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ و دیگر ذمہ داران نے لیاقت بلوچ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن نے صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں متاثرین سیلاب کے لئے ریلیف سرگرمیوںکا آغاز کر دیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے الخدمت فاﺅنڈیشن کے ذمہ داران سے کہا کہ متاثرین سیلاب کے لیے سحر و افطار کے انتظامات کیے جائیں اور الخدمت کے رضا کار سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو بھی محفوظ مقامات تک پہنچانے کا اہتمام کریں۔ لیاقت بلوچ نے البدر انجینئرنگ کی مینجمنٹ اور مزدوروں کے افطار ڈنرسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے بعد حکومتوں میں آنے والی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ حالات کو سنبھالیں اور سدھاریں۔ سنجیدگی، دیانت اور اعلیٰ صلاحیتوں کے ساتھ ملک و قوم کے مسائل حل کریں، عوام کو کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر کی دلدل سے نکالیں۔ عوام کو مایوسی سے بچائیں عوام کی مایوسی بغاوت اور انارکی پیدا کر دے گی۔ اقتدار میں آنے کے بعد ابھی تک حکومتی کارکردگی مایوس کن اور ملک کے مستقبل کے لیے تشویشناک ہے۔ جماعت اسلامی رابطہ عوام مہم اور ملک کے دین پسند اچھے اور اہل افراد کو متحد کرنے کی تحریک جاری رکھے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ اسلامی انقلاب ملک و ملت کا مقدر بنے گا۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم پاکستان کو مدینہ منورہ کے طرز پر مثالی ترقی یافتہ اسلامی ریاست بنائیں گے۔