فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کا سیلابی علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعةالدعوة پاکستان کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی طرف سے ملک بھرکے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ افراد کے لئے ریلیف و ریسکیو آپریشن اتوار کو بھی جاری رہا، متاثرہ علاقوں میں دس ہزار سے زائد متاثرین کے لئے پکے پکائے کھانے اور افطاری کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ بچوں کیلئے دودھ، جوس کے پیکٹ، بسکٹ اور دیگر اشیاءخوردونوش بھی تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ سینکڑوں متاثرین کے لئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کراچی، راجن پور، جعفرآباد اور دیگر علاقوں میں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے سینکڑوں امدادی رضار کار پانی میں پھنسے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مصروف ہیں۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف نے بتایا کہ الدعوة میڈیکل مشن کے ڈاکٹرز کی ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپنگ کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔کراچی میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالہ سے انہوںنے بتایاکہ کراچی میں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے رضا کار تیز بارش کے باوجود علاقہ مکینوں کی مدد کو پہنچے اور پانی میں گھرے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔