انقلاب کبھی امیروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی ضرورت نہیں رہا: حسن محی الدین

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ تاریخ انسانی گواہ ہے کہ انقلاب کبھی امیروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی ضرورت نہیں رہا۔ جس پیغمبر نے بھی نظام کی تبدیلی کی آواز اٹھائی اس وقت کے وڈیرے، جاگیردار اور متمول لوگوں نے مزاحمتی حربے استعمال کر کے شدت سے مخالفت کی۔ تحریک منہاج القرآن تبلیغی نہیں انقلابی تحریک ہے اس کے قیام کے ساتھ ہی انقلاب دشمن قوتوں نے اس کا راستہ روکنے کی کوشش شروع کی جو آج تک جاری ہے۔ برائی کو روکنے کیلئے سینہ سپر ہو جانا انقلابی تحریکوں کا طرہ امتیاز ہوتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد پیغمبرانہ سنت کی پیروی میں ہے، ظلم کے نظام کے خلاف یہ ضرور کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ وہ گذشتہ روز شہر اعتکاف میں معتکفین کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن معاشرے میں ہر سطح پر ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے اور وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان کی دھرتی پر انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔ کارکن ایک کروڑ افراد کو ممبر بنانے کا ہدف جس دن حاصل کر لیں گے انقلاب کا سویرا طلوع ہو جائے گا۔