امت مسلمہ قرآن اور اسلام سے دوری کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے: علامہ زبیر احمد ظہیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن و مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ امت مسلمہ قرآن اور اسلام سے دوری کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے‘ امت مسلمہ قرآن کی تعلیمات پر عمل کر لے تو دنیا کی کسی بھی طاقت کو شکست دی جا سکتی ہے۔ وہ مرکزی جامعہ مسجد مینار الھدیٰ میں ”قرآن اور اسلام“ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر امریکہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی‘ مولانا عنایت اللہ ربانی‘ مولانا فیاض احمد سلفی اور سابق وزیر ڈاکٹر شفیق احمد چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ رمضان المبارک میں قرآن پاک کا نزول مسلمانوں کےلئے سب سے بڑی رحمت ہے اور اگر ہم قرآن کے بتائے ہوئے راستے پر چل پڑیں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ تمام مسائل کا حل اور مسلمانوں کو دنیا پر غلبہ حاصل ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی نے کہا کہ اسلام محبت‘ امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور قرآن پاک رمضان المبارک میں نازل ہوا اور تمام مسلمانوں پر یہ فرض ہے کہ وہ نہ صرف خود قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کریں بلکہ دوسروں کو بھی اسلام اور قرآن کے حوالے سے دعوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر امت مسلمہ مختلف مشکلات کا شکار ہیں تو اس کی بنیادی وجہ اسلام اور قرآن سے دوری ہے۔