پاکستان، ایران گیس منصوبے سے صنعتی شعبہ کو سستی گیس ملے گی: چیئر مین اپٹما


اسلام آباد (اے پی پی) ایران پاکستان (آئی پی) گیس پائپ لائن پراجیکٹ سے صنعتی شعبہ کو بلاتعطل سستی گیس فراہم ہوگی جس سے صنعتی شعبہ کی کارکردگی میںنمایاں بہتری پیدا ہوگی ۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین احسن بشیر نے صدر زرداری کو آئی پی گیس منصوبہ پر جراتمندانہ فیصلہ کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ سے 1 ارب کیوبک فٹ گیس کی کمی کے مسئلہ پر قابو پایا جاسکے گا جس سے صنعتوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے گیس کی سپلائی شروع ہونے کے بعد پاکستان کو سالانہ 2.4 ارب ڈالر کی بچت ہوگی جس سے ملکی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کو گیس کی فراہمی سے صنعتی پیداوار میں بھرپور اضافہ ہوگا جس سے ملکی برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔