فیروز والا: جعلی کھاد اور زرعی ادویات کی فروخت عروج پر‘ حکام خاموش


فیروز والا (نامہ نگار) تحصیل فیروز والا مریدکے ‘ شرقپور اور نارنگ ایریا میں جعلی کھاد اور زرعی ادویات کی فروخت عروج پر پہنچ گئی۔ اکثر بڑے جعلساز کسی بھی ملٹی نیشنل یا نیشنل کمپنی کی پیکنگ بنوا کر اس میں دو نمبر ادویات پیک کر کے کھلے عام فروخت کر رہے ہیں۔ جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے ان بڑے جعلساز اور نوسربازوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی اور صرف خانہ پری کے لئے چھوٹے موٹے دکانداروں کی پکڑ دھکڑ کر کے اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دے دیدی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی تمام تحصیلوں کے قصبوں میں واقع اکثر بیوپاری اور ڈیلروں نے اپنی دکانوں پر صرف کمپنیوں کی زرعی ادویات بیج اور سپرے وغیرہ کی دستیابی کے سائن بورڈ لگا رکھے ہیں۔ لیکن ان کی آڑ میں لوکل سطح اور جعلی ادویات کھلے عام فروخت کر رہے ہیں۔ اکثر زمینداروں کی فصلیں ملاوٹ شدہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے خراب ہو جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ زراعت کے افسران بھی دھندے میں ملوث ہیں۔ زمینداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دونمبر زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔