چھانگا مانگا: فارسٹ پارک میںمیلہ، ملک بھر سے سیاحوں کی آمد

چھانگا مانگا(نامہ نگار)فارسٹ پارک ،مہتابی جھیل چھانگا مانگا میں عید کی چھٹیوں کے دوران جنگل میں منگل کا جشن اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چھایا رہا ایک لاکھ سے زائد سیاحوں نے ٹرو میلہ میں نظارہ کیا۔ ملک کے طول و عرض سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر چھانگا مانگا چودھری حیات حسن نے اس موقع پر سیاحوں کی سہولت کیلئے سفری انتظامات کر رکھے تھے ملازمین کی عید چھٹیاں منسوخ کر کے ان کی ڈیوٹیاں پارک کے مختلف حصوں میں لگائی گئی تھیں۔ کشتی رانی ،جوائے لینڈ اور جھیل کے اوپر بنائے گئے جھولا پل لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہے۔ پارک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات چھانگا مانگا نے متعدد جگہوں پر الیکٹرک واٹر کولر بھی لگائے ہوئے تھے۔ڈی ایف او چوہدری حیات نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ہدایت پر جنگل کو خوبصورت بنانے کیلئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جنگل کے اگر دچار دیواری کی جائیگی اور ٹمبر مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔