یار محمد رند کی جھوٹے کیس میں گرفتاری قابل مذمت ہے: مسلم لیگ ہمخیال


لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہم خیال نے یار محمد رند پر بلوچستان حکومت کی طرف سے جھوٹے مقدمات قائم کرنے پر شدید مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے قائدین چوہدری حامد ناصر چٹھہ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ، ہمایوں اختر خان اور سلیم سیف اللہ خان نے بلوچستان حکومت کی طرف سے یار محمد رند پر جھوٹے مقدمات کو انتقامی سیاست کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے پچھلے پانچ سال سے انتقامی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا۔ موجودہ حکمرانوں کو اسمبلیوں میں اپوزیشن ”وارا“ ہی نہیں کھاتی۔ اسی لیے انہوں نے بلوچستان میں واحد اپوزیشن رکن اسمبلی کو جھوٹے مقدمات میں الجھا دیا ہے۔ یار محمد رند کو بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سے جان کا خطرہ تھا اسی لیے وہ اپنی جان چھپاتے پھر رہے تھے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے قائدین نے کہا کہ پارٹی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم اور یارمحمد رند کے پیچھے کھڑی ہے اور ان کے لیے ہر طرح کی قانونی جنگ لڑے گی۔