محرم کے بعد سندھ بھر میں لانگ مارچ کرینگے: جلال شاہ


کراچی (خبرنگار) سندھ بچاﺅ کمیٹی کے کنوینر اور سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ عوام دشمن بلدیاتی نظام کے خلاف تحریک کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم محرم کے بعد سندھ بھر میں لانگ مارچ کریں گے جبکہ 10 نومبر کو ٹنڈو الہ یار میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں سندھ دوست اور سندھ دشمنوں کا چہرہ بے نقاب ہوگا۔ وہ جمعرات کو حیدر منزل میں سندھ بچاﺅ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاءایڈووکیٹ، تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری، فنکشنل مسلم لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی، ڈاکٹر صفدر سرکی، محمد اسلم غوری، غلام سرور سہتو، برجس احمد، قمر بھٹی، الٰہی بخش چاچڑ، شاہ محمد شاہ، ملک ایوب اعوان، نونان قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔