’’فرقہ وارانہ فسادات اور بین المذاہب تصادم روکنے کیلئے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘‘

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام خطیب، مبلغ دین اور علماء کرام کیلئے 3 روزہ فکری و تربیتی نشستوں کی اختتامی تقریب سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی اور دیگر رہنماؤں مولانا پیر سیف اللہ خالد، مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا ڈاکٹر سرفراز اعوان، پروفیسر ظفر اللہ شفیق، مولانا مشتاق احمد، مولانا عبدالقیوم اور مولانا عماد الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مبلغ، خطیب اور علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ دین کی بات عوام تک پہنچانے کیلئے سیر طیبہؐ کو مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک میں فرقہ وارانہ فسادات اور بین المذاہب تصادم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو ناکام بنانے کیلئے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل ملک میں قیام امن کیلئے بین المسالک اور بین المذاہب مکالمہ کی راہ ہموار کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے علماء حق کا کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی ہدایت پر علامہ شبیر احمد عثمانی اور علامہ ظفر احمد عثمانی نے قیام پاکستان کا پرچم لہرایا۔