کراچی اور بلوچستان میں تخریب کاری بھارت کروا رہاہے:ظفرالحق

 اسلام آباد (اے این این/ این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ، اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کشمیریوں کو میدان عمل میں آناہو گا، نوازشریف بھارت سے اچھے تعلقات تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکالنے کیلئے چاہتے ہیں کیونکہ جنگ کسی تنازعہ کا حل نہیں۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما ملک یوسف کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین اور سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے۔بھارت پاکستان پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کی کہانیاں زبان زدعام ہیں، متاثرین نے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ عدالتوں سے رجوع کیا لیکن انہیں انصاف نہ مل سکا، اللہ کرے مستقبل میں کچھ ایسا نہ ہو۔ اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اور آزاد جموں وکشمیر کونسل کے رکن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ میں ملک یوسف کو شیروں کی جماعت میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ سب کو علم ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کیا دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مفاہمت کی سیاست ختم ہوچکی اور آج کی نوجوان نسل چوروں اور کرپٹ لوگوں کے ساتھ مفاہمت کو تسلیم نہ کرے گی اور اگر ایسا کیا گیا تو آزاد کشمیر کے حالات بلوچستان سے بھی بدتر ہو جائیں گے۔ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات نے کہا کہ میں کوئی سرمایہ دار نہیں ہوں لیکن پارٹی کے ساتھ اخلاص نے مجھے اس مقام پر پہنچایا کہ میں آزاد کشمیر کا صدر اور وزیراعظم بنا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کارکنوں کی قدر کرنے والی جماعت ہے۔ ملک یوسف کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت بڑی حوصلہ افزا بات ہے کہ یہ ایک متحرک کارکن ہے۔ ملک یوسف نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ایک ایسی جماعت میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں جو اس ملک کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا 5 سال تک پیپلز پارٹی میں رہنے کے بعد میں نے آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب مسلم لیگ(ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
راجہ ظفرالحق