نامزد چیف جسٹس کفایت شعار، ادب، باغبانی کے شوقین، نوابزادہ نصراللہ کے بھانجے ہیں

 اسلام آباد/ملتان /حاصل پور (ثناءنیوز + آن لائن) نامزد چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی 13 دسمبر کو حلف اٹھائیں گے۔وہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پہلے چیف جسٹس ہوں گے۔ وہ بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے سگے بھانجے اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ فوزیہ گیلانی ان کی سگی بھانجی جبکہ سیکرٹری خارجہ اور امریکہ میں نامزد سفیر جلیل عباس جیلانی سگے بھانجے ہیں۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے 7 بھائی اور ایک ہمشیرہ ہے بھائیوں میں چھٹے نمبر پر ہیں۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کا تعلق ضلع مظفر گڑھ کے نواحی پسماندہ علاقے خان گڑھ کے ایک متوسط مذہبی زمیندار گھرانے سے ہے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے والد سید محمد رمضان جیلانی مرحوم ( ر ) ایس ایس پی پولیس، بڑے بھائی سید اعزاز الدین جیلانی ( ر) سیکرٹری کمیونی کیشن و مواصلات ، سید علاﺅ الدین جیلانی ( ر ) سیکرٹری دفاع و چیف سیکرٹری سندھ ، سید صلاح الدین جیلانی زمینداری کرتے ہیں۔ سید سجاد حیدر جیلانی ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، سید علاﺅالدین جیلانی ایئرکموڈور آفیسر ، سید زادہ حسین جیلانی ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے ، سید شاہد حسین جیلانی جوائنٹ سیکرٹری نیشنل اسمبلی ہیں۔ جسٹس تصدق جیلانی 31 جولائی 2004 کو سپریم کورٹ کے جج بنائے گئے۔ مشرف کے پی سی او کے تحت نیا حلف لینے سے انکار کرنے پر سپریم کورٹ کے جج کے طور پر غیر فنکشنل قرار دے دیا گیا ۔ 2008 ءمیں جمہوری حکومت کے قیام کے بعد جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ستمبر 2009 میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر دوبارہ جوائن کیا۔ آن لائن کے مطابق جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بھائی ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی شاہد حسین جیلانی نے بتایا جسٹس تصدق حسین جیلانی نوادرات ، ادب اور باغبانی کے شوقین ہیں ، جہاں بھی رہتے ہیں پھل دار پودے لگاتے ہیں اورجانور و پرندے بھی پالتے ہیں ، جھوٹ بولتے ہیں نہ برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھائی کفایت شعار اتنے ہیں کہ کبھی کسی سے پیسے مانگتے ہوئے نہیں دیکھا، اپنا رہن سہن وسائل کے مطابق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے والد کی دو بیویاں ہیں جن سے مجموعی طور پر ہم چھ بھائی اور آٹھ بہنیں ہیں اور تمام بھائی سی ایس پی کرنے کے بعد سرکاری ملازمت کررہے ہیں لیکن انہوں نے اپنی اولاد کو سرکاری ملازم نہیں بنایا۔ ان کا ایک بیٹا وکیل اور ایک چارٹرڈ اکاﺅنٹینٹ ہے۔
نامزد چیف جسٹس