سول حکمرانوں نے ہمیشہ بلدیاتی اداروں کی بحالی سے خوف محسوس کیا: میاں مقصود

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سول حکمرانوں نے ہمیشہ بلدیا تی اداروں کی بحالی سے خوف محسوس کیا ہے اور اگر باامر مجبوری ان اداروں کو قائم کیا بھی ہے تو اختیارات سے محروم کرکے انہیں جمہوریت کی نرسری نہیں بننے دیا بلکہ الٹا انہیں اپنی ذات اور پارٹی کا گھنٹہ گھر بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر سراج الحق اور امیرجما عت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر بھی موجود تھے۔ بلدیاتی کنونشن میں جماعت اسلامی کے نامزد مرد و خواتین نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ میاں مقصوداحمد نے کہا کہ اب تک بلدیات کے جتنے بھی ادوار گزرے، انہیں حکمرانوں نے اپنی اپنی تجربہ گاہ بنا یا اور قیام پا کستان سے لیکر آج تک پاکستان میں بلدیا تی ادارے عوام میں اپنی جڑیں قائم نہیں کر سکے اور نہ ہی ان کی روایات تشکیل پا سکی ہیں۔