حکومت پنجاب ڈینگی کو شکست دیکر دم لے گی: یاسین سوہل

لاہور(خبر نگار)ایم پی اے یاسین سوہل و چیئرمین ڈینگی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کینٹ چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک اورشہریوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اساتذہ اورطلباء وطالبات نہایت اہم کردارادا کررہے ہیں۔حکومت پنجاب شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈینگی کو شکست دے کردم لے گی۔یہ بات انہوں نے  گلبرگ بوائز ہائی سکول والٹن میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پی پی 156 مسلم لیگ کے صدر حاجی اقبال،پرنسپل سکول محمود،ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر افضل خان ،انٹامالوجسٹ ڈاکٹر سعید الرحمان ،کو آرڈینیٹر فیضان اسلم کے علاوہ طالبعلموں اوراساتذہ کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی ۔ایم پی اے یاسین سوہل نے سیمینار سے قبل سکول میں صفائی کی صورتحال اورڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات والے مقامات کی چیکنگ کی ۔انہوں نے سکول میں صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قراردیا۔ایم پی اے یاسین سوہل نے سیمینار کے دوران طالبعلموں کی طرف سے سے ڈینگی بارے معلومات کی فراہمی پر ان میں انعامات تقسیم کیے۔