حکومت ملک میں بیرونی مداخلت کے خلاف جرأتمندانہ مؤقف اختیا ر کرے: عبدالغفار روپڑی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امریکی ڈرون حملوں سمیت بھارت کی جارحیت پر حکمران جرأتمندانہ دو ٹوک موقف اختیار کریں۔ پوری قوم ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج میں متحد ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومت پاکستان ملک میں جاری بیرونی مداخلت کیخلاف جرأتمندانہ موقف اختیار نہیں کریگی اسلام کیخلاف متحرک قوتیں اپنے مذموم ارادوں کو تکمیل تک پہنچانے سے باز نہیں آئیں گی۔  انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت مل کر ملک کی دفاعی پالیسی کو مستحکم اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اور دین اسلام کیخلاف ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں۔