ایڈز کے پھیلنے کا سب سے بڑا سبب سرنج ہے: ڈاکٹر زاہد پرویز

لاہور(نیوزرپورٹر) ایڈز کے پھیلنے کا سب سے بڑا سبب سرنج ہے جس سے اجتناب کرنا چاہئے مگر افسوس ہم عطائی ڈاکٹروں سے طاقت کیلئے گلوکوز اور خون لگوانا پسند کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ایڈز کنٹرول پروگرام پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا کہ2010ء کے بعد سے ایڈز کنٹرول پروگرام کو حکومت خود چلا رہی ہے۔ اور صوبہ بھر میں ایڈز کے مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کرنے عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور کونسلنگ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے رکھے گے ہیں مگر ہمیں آج ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے اس خطرناک جان لیوا مرض کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے اور اس کیلئے ہم سب کو متحد ہونا پڑے گا۔ ایڈ ز کنٹرول پروگرام پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان شاہد نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں 5000ایڈز سے متاثرہ مریض ہیں جن میں سے 2815مریضوں کی رجسٹریشن ہے۔ صوبہ میں نشہ کرنے والے افراد کی تعداد 63ہزار سے زائد ہے جن میں سے اکثریت سرنجوں سے نشہ کرتے اور ان میں ایڈز کا وائرس موجود ہو سکتا ہے۔  صوبہ میں تین فیصد خواجہ سرائو ں اور 0.3فیصد ایسی خواتین جو جسم فروشی کے دھندے میں ملوث ہیں کو ایڈز کا مرض لاحق ہے۔