اولیاء کرام نے اسلامی تعلیمات کا بہترین نمونہ پیش کیا: عطاء مانیکا

 لاہور(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطا محمد مانیکا نے کہا کہ اولیاء کرام نے اپنے کردار و عمل سے پُرامن اور محفوظ معاشرہ کی بنیاد رکھی اور لوگوں کو ایک دوسرے سے محبت کی تلقین کی اور اسلامی تعلیمات کا سنہری ماڈل پیش کیا۔ اولیاء کرام کا یہ کردار ہمارے لئے باعث تقلید ہونا چاہیے تاکہ معاشرہ میں امن آئے۔ اس حوالے سے محکمہ اوقاف اولیاء کرام کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے خصوصی طور پر سرگرم عمل ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکپتن میں حضرت بابا فریدالدین ؒ کے مزار پر حاضری کے دوران کہی۔ انہوں نے مزار پر پھولوںکی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کے افسران بھی موجودتھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مزار میں زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مزار پر آنے والے زائرین کے آرام و سکون کا مکمل خیال رکھا جائے اور لنگر کی تقسیم نہایت شفاف انداز میں کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مزارات پر آنے والے زائرین کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی انتظامات کئے گئے ہیں جن میں پولیس فورس کے علاوہ رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔