ماڈل ٹاﺅن موڑ انڈرپاس کو حفیظ جالندھری کے نام سے موسوم کیا جائے


لاہور (خصوصی رپورٹر) بیگم خورشید حفیظ جالندھری نے اپنے تحریری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرتعمیر ماڈل ٹاﺅن موڑ انڈرپاس کا نام ترانہ پاکستان کے مصنف ابوالاثر حفیظ جالندھری کے نام سے موسوم کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حفیظ جالندھری ماڈل ٹاﺅن سوسائٹی کے بانی ارکان میں سے تھے۔ بیگم حفیظ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ حفیظ جالندھری پاکستان کی ایک مایہ¿ ناز شخصیت تھے جنہوں نے ساری زندگی ملک و قوم کی بے لوث خدمت کی۔ پاکستان کا قومی ترانہ اور اس کے بعد آزاد کشمیر کا قومی ترانہ لکھا۔ شاہنامہ اسلام لکھ کر شاعر اسلام کا لقب پایا۔ برصغیر پاک و ہند میں اپنی بے مثال ادبی و شاعرانہ خدمات کی با پر ابوالاثر کے خطاب سے نوازے گئے۔ ملکہ برطانیہ نے فرزند برطانیہ اور خان بہادر کے خطابات سے نوازا جنہیں انہوں نے تحریک پاکستان میں اپنی شمولیت اختیار کرنے پر 1940ءمیں لوٹا دیا۔ دوران تحریک انہیں قائداعظمؒ کا قرب بھی حاصل رہا۔ تحریک پاکستان میں عملی طور پر خدمات ادا کرنے پر انہیں ”تحریک پاکستان کا گولڈ میڈل“ دیا گیا۔