جاگیرداروں اور وڈیروں نے پیپلزپارٹی پر قبضہ کر لیا: غنویٰ بھٹو


بہاولپور (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چئیرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ جاگیرداروں اور وڈیروں نے پیپلز پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے اور اس کے ذریعے حکومت پر قبضہ کر رکھا ہے جس کے ذریعے قومی اور عوامی وسائل کو لوٹا جا رہا ہے گذشتہ روز بہاولپور کے علاقے شاہدرہ میں ایک جلسہ عام سے غنویٰ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اصل پیپلز پارٹی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جو عوام کی حکمرانی کا نظام قائم کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ووٹر فہرستوں اور ایجنسیو کی بنائی ہوئی پارٹیوں کے ذریعے انتخابات پر ڈاکے مارے جاتے رہے اور جعلی حکومتیں چلائی جاتی رہی ہیں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں سے یہ حقیقت بر سر عام آگئی ہے کہ کسی طرح بوگس انتخابات کے ذریعے حکومتیں تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا یہ سلسلہ باوجودسپریم کورٹ کے فیصلے کے بند نہیں ہو گا اسے صرف عوامی قوت ہی سے بند کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سرمایہ داروں جاگیرداروں اور سامراجی قوتوں کے گماشتوں سے اقتدار چھین لیا جائے اور عوام شفاف اور طاقت ور حکومتیں قائم کریں، غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ غربیوں تیار ی کر لو ہم ہر حلقے میں غریبوں کو ٹکٹ دیں گے اور سرمایہ داروں کو شکست دیں گے۔